Thursday, April 23, 2026
ہومتازہ ترینانصاف، وقار اور دانشمندی کی بنیاد پر مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے: ایران

انصاف، وقار اور دانشمندی کی بنیاد پر مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے: ایران

تہران: (آئی پی ایس) ایران کے صدارتی دفتر نے کہا ہے کہ انصاف، وقار اور دانش مندی کی بنیاد پر مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے۔
ایرانی صدر کے دفتر نے ملکی قیادت میں اختلافات کی خبریں مسترد کردیں اور کہا کہ ایرانی قیادت کے اندر مثالی اتحاد ہے۔


ترجمان ایران صدارتی دفتر مہدی طباطبائی نے امریکی صدر کا نام لیے بغیر کہا کہ دشمن سیاسی پروپیگنڈا کر رہا ہے، جھوٹ گھڑنے کے بجائے، انہیں اپنی وعدہ خلافی، دھونس اور فریب کاری بند کرنی چاہئے، انصاف، وقار اور دانشمندی کی بنیاد پر مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے۔
علاوہ ازیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ وعدہ خلافی، ناکہ بندی اور دھمکیاں حقیقی مذاکرات میں راہ میں رکاوٹ ہیں۔


ایک بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران نے مذاکرات اور معاہدے کا خیر مقدم کیا اور کرتا رہے گا، دنیا کو آپ کی منافقانہ بیان بازی، دعوؤں اور عمل میں تضاد نظر آ رہا ہے۔
خیال رہے کہ ایرانی صدر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے توقع ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور جمعہ کو ہو سکتا ہے۔
امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فوج کو ہدایت دی ہے کہ ناکہ بندی جاری رکھی جائے اور ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہے، جنگ بندی کو اس وقت تک بڑھایا جا رہا ہے جب تک ایران اپنی تجاویز پیش نہیں کر دیتا۔
دوسری طرف وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ غیر معینہ مدت تک جنگ بندی نہیں کی گئی، ایران کو چند متفقہ تجاویز کے لیے چند دن دیئے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔