ہومتازہ ترینپاک افغان مذاکرات کا دوسرا روز، پاکستان کا تمام دہشتگرد تنظیموں کیخلاف قابل تصدیق کارروائی پر زور

پاک افغان مذاکرات کا دوسرا روز، پاکستان کا تمام دہشتگرد تنظیموں کیخلاف قابل تصدیق کارروائی پر زور

استنبول (سب نیوز) پاک افغان مذاکرات کے دوسرے روز پاکستان نے تعلقات کی بہتری کیلئے دہشتگردی روکنے کی شرط رکھ دی، پاکستانی حکام نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سمیت تمام دہشتگرد تنظیموں کیخلاف قابل تصدیق کارروائی پر زور دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے کیخلاف کارروائی پاکستان کا بنیادی مطالبہ ہے، دہشتگردوں کیخلاف واضح، مصدقہ اور موثر کنٹرول مطالبے کے تین لازمی اجزا ہیں، طالبان حکومت اس اصولی مطالبے کوتسلیم کرتی ہے تو بات آگے بڑھے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم اچھے ہمسایوں اور برادرانہ تعلقات کوفروغ دینا چاہیں گے لیکن اگر مطالبے پر ہماری تسلی نہ ہوئی تو پاکستان کسی بھی طرح کی لچک نہیں دکھائے گا، پاکستان قومی مفادات کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کا حق محفوظ رکھے گا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض حلقے یہ تاثردے رہے ہیں ترکیہ پاکستان کو طالبان کے ساتھ ممکنہ تصادم سے بچارہاہے، جیسے قطر کو غیرجانبدارسمجھتے ہیں، ترکیہ بھی ایک غیر جانبدارملک ہے، کوئی یہ غلط تاثردینے کی کوشش کرے کہ مذاکرات کے سہولت کاروں کا کسی جانب جھکاوہے،انتہائی غلط بات ہوگی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ عوام، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت کا عزم اورمورال غیرمتزلزل ہے، کوئی یہ سمجھتا ہے، پاکستان سلامتی، معاشی یا سیاسی لحاظ سے کمزور ہے تویہ سنگین غلط فہمی ہوگی، پاکستان کسی بھی مِس ایڈونچر کامناسب جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان اپنے قومی مفادات کا ہرحال میں دفاع کرے گا۔

ذرائع کے مطابق اس دوران افغان طالبان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی نئی جگہ پر آباد کاری کی پیشکش کی تھی، جسے پاکستان نے مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ افغان طالبان ٹی ٹی پی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کریں اور عالمی برادری کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کریں۔پاکستان کے 7رکنی وفد میں سینئر عسکری، انٹیلی جنس اور وزارتِ خارجہ کے حکام شامل ہیں، جبکہ افغان طالبان کی قیادت نائب وزیرِ داخلہ کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات میں دونوں فریقین کے درمیان تجاویز کا تبادلہ جاری ہے اور ثالثوں کی موجودگی اس عمل کو مزید سہولت فراہم کر رہی ہے۔پاکستان کا موقف ہے کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے حملے ہرصورت رکنے چاہئے، افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال بند کرنا ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔