گزہ (سب نیوز)غزہ میں امدادی کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں مزید 82 فلسطینی شہید ہوگئے۔حماس کے زیر انتظام وزارت صحت اور مقامی ہسپتالوں کے مطابق بدھ کے دن سے لے کر جمعرات کی صبح تک اسرائیلی حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں کم از کم 82 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں سے 38 افراد امدادی سامان حاصل کرنے کی کوشش کے دوران نشانہ بنے۔
رپورٹس کے مطابق حال ہی میں قائم کی گئی متنازعہ تنظیم غزہ ہیومینیٹیرین فنڈ سے منسلک مقامات پر حملوں میں بھی پانچ افراد شہید ہوگئے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں واقع انڈونیشی اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مروان سلطان اور ان کے اہلخانہ بھی ایک فضائی حملے میں شہید ہوئے۔دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کی طرف سے تجویز کردہ جنگ بندی منصوبے کا جائزہ لے رہی ہے۔