Monday, July 14, 2025
ہومبریکنگ نیوزپی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (سب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔پی ٹی آئی کی صوبائی، قومی اسمبلی اور سینیٹ کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی اجلاس کی ابتدا اسیر رہنماں کے خطوط کو پڑھ کر کی گئی اور عامر ڈوگر نے اسیر رہنماں کے خط کو پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھا۔

ذرائع نے بتایاکہ علی محمد خان اور زرتاج گل نے حکومت سے مذاکرات کرنے پر زور دیا، علی محمد خان نے اسیر رہنماں کے خط کی تائید کی اورکہا کہ ہر صورت مذاکرات ہونے چاہیے، راستہ بنائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان اکرم راجا کی بانی کی بہنوں کے حق میں گفتگو کی جبکہ نثار جٹ نے علی امین گنڈاپور اور قیادت پر تنقید کی اور کہاکہ جب بانی پی ٹی آئی نے کہا مجھ سے ملاقات کریں تو کیوں نہ کی گئی؟ علیمہ خان اور پارٹی ارکان کے بیانات کی وجہ سے پارٹی میں اختلافات واضح ہورہے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ علی محمد خان نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کو محدود کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا سوشل میڈیا کوصرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے استعمال کیا جانا چاہیے، میری تجویز ہے کہ اسلام آباد آنے کے بجائے پورے ملک میں لوگوں کو نکالا جائے، بجٹ سے قبل علی امین گنڈاپور کو بانی سے ملاقات کیلیے جانا چاہیے تھا۔

ذرائع کے مطابق علی محمد خان نے علیمہ خان کی سیاسی عمل میں مداخلت کی مخالفت کی اور تجویز دی کہ بیرسٹر گوہر فیصلے کریں، بانی سے مل کر مذاکرات کا کہیں، اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی قیادت سے بات کریں، بانی سے فوری رابطہ بحال کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زرتاج گل نے علی امین گنڈا پور کی بطور وزیراعلی کردار کی تعریف کی اور کہا کہ کل بانی نے احتجاج کا کہا ہمیں سوچنا ہوگا حکومت بہت مضبوط ہوچکی ہے، مذاکراتی کمیٹی بنائی جائے، ناموں کی منظوری بانی پی ٹی آئی سیلی جائے، ہمارے ممبران کو صرف نااہل نہیں کیا جا رہا بلکہ دس دس سال کی سزائیں بھی ہیں۔

ذرائع کے مطابق شاہد خٹک کا کہنا تھاکہ ہمیں بتایا جائے کہ ہماری پارٹی کے فیصلے کون کر رہا ہے، پولیٹیکل کمیٹی نے بجٹ پاس کرنے کا فیصلہ کیا تو سلمان اکرم راجا نے ٹوئٹ کیوں کیا؟ پارٹی اجلاس کیبعد میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا کہ ہمارا اختلاف اپنی جگہ مگر بانی پی ٹی آئی جب بھی کوئی حکم دیں گے اس پر عمل ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔