Tuesday, May 5, 2026
ہومبریکنگ نیوزمارگلہ روڈ کو موٹروے سے براہِ راست منسلک کرنے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز

مارگلہ روڈ کو موٹروے سے براہِ راست منسلک کرنے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز

اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد میں شہریوں کی سفری سہولت کے لیے مارگلہ روڈ کو موٹروے سے براہِ راست منسلک کرنے کے میگا پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع کے منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کے حوالے سے جامع بریفنگ بھی دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2.7 کلومیٹر طویل اس منصوبے کے دونوں اطراف تین رویہ مرکزی سڑک اور دو رویہ سروس روڈ تعمیر کی جا رہی ہے۔ منصوبے کے تحت جی ٹی روڈ پر انٹرچینج، دو انڈر پاس اور ایک پل بھی تعمیر کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ منصوبے میں شامل سنگجانی انٹرچینج کو 31 جولائی تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد اور موٹروے کے درمیان ایک تیز، آسان اور متبادل راستہ فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کے سفر کا دورانیہ بھی کم ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہر ترقیاتی منصوبے میں معیار، شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کو بہتر اور تیز ترین سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کو دسمبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا جبکہ اس کے 2.5 کلومیٹر طویل دوسرے حصے پر کام پنجاب حکومت کی جانب سے مکمل کیا جائے گا۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔