اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں صحت عامہ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور موذی امراض کے خاتمے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قیمتی جان کے تحفظ کیلئے حکومت ہر حد تک جانے اور ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ملک کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائیٹس اور ایڈز جیسے خطرناک امراض کے مکمل خاتمے کیلئے مریضوں کی اسکریننگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے وزارت قومی صحت کو صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ان بیماریوں کی بروقت رپورٹنگ کیلئے ایک مربوط اور مؤثر نظام تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بروقت تشخیص ہی ان امراض کے مکمل سدباب کی بنیاد ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ “وزیراعظم ہیپاٹائیٹس کنٹرول پروگرام” کے نفاذ میں تیزی لائی جائے تاکہ اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں وائرل امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں آٹو ڈسیبل (AD) سرنج کے استعمال کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈریپ اور متعلقہ ادارے سرنج کے دوبارہ استعمال کو مکمل طور پر روکنے کیلئے سخت اقدامات کریں۔
وزیراعظم نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے جاری مہمات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
اجلاس کے دوران حکام نے وزیراعظم کو پولیو، ہیپاٹائیٹس اور ایڈز کے خاتمے کیلئے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ ملک کے بڑے ہسپتالوں میں ایڈز کے علاج کیلئے 98 اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں، جن کی تعداد ایک سال میں بڑھا کر 164 کرنے کا ہدف ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بیرون ملک سے واپس آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کیلئے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایڈز کی اسکریننگ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ جبکہ قومی پروگرام برائے انسداد ہیپاٹائیٹس سی کا پائلٹ منصوبہ جلد اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شروع کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی میں بتدریج کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، جو ایک مثبت پیشرفت ہے، جبکہ حالیہ انسداد پولیو مہم میں 98 فیصد کوریج حاصل کی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
headlines
