Sunday, April 20, 2025
ہومپاکستانقومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی مناسبت سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات، ہائی الرٹ

قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی مناسبت سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات، ہائی الرٹ

اسلام آباد(سب نیوز)ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس کے لیے پارلیمنٹ ہاوس اور اس کے احاطے میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں اعلی حکومتی اور عسکری قیادت شریک ہوگی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور ان کے نامزد نمائندے شرکت کریں گے۔اس اہم اجلاس میں عسکری قیادت ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر پارلیمانی کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔
اجلاس کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاوس کے اندر اور اطراف میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق، اجلاس ان کیمرہ ہوگا اور میڈیا کو پارلیمنٹ کی عمارت تک رسائی نہیں ہوگی اور میڈیا کے لیے جاری کیے گئے کارڈ کل کیلئے غیر موثر ہونگے۔
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو پارلیمنٹ ہاوس کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران قومی اسمبلی ہال کے اندر موبائل فون لے جانے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔