اسلام آباد (آئی پی ایس )خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سنگجانی میں دھرنے پر آمادہ تھے لیکن ان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشری بی بی نے اس حوالے سے انکار کردیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عمران خان سنگجانی میں دھرنے پر آمادہ تھے اور انہوں نے جگہ کے تعین سے متعلق آمادگی کا اظہار کر دیا تھا۔بیرسٹر سیف نے انکشاف کیا کہ بشری بی بی نے جگہ کی تبدیلی کے حوالے سے انکار کر دیا۔ بیرسٹر سیف نے بتایا کہ بشری بی بی نے ڈی چوک کے علاوہ کہیں بھی احتجاج سے انکار کر دیا اور انہوں نے صف اول کے لیڈر کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے پہلے ہی فیصلہ کیا تھا پہلے مرحلے میں ڈی چوک جائیں گے اور پہلا مرحلہ کامیاب ہوگیا ہے اب ہمیں آگے سفر کرنا ہے اور فیصلہ کرنا ہے کب تک بیٹھیں گے، پی ٹی آئی ایک یا دو دن میں آگے کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ سرفہرست ہے، الیکشن آڈٹ اور 26ویں آئینی ترمیم واپس کرنا بھی مطالبات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت کا سلسلہ کل سے جاری تھا تاہم مذاکرات میں پیشرفت نہیں ہوئی، ہمارا مطالبہ تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے لیکن ان کی رہائی قانونی عمل سے ہونی ہے اور قانونی عمل کا بٹن حکومت کے ہاتھ میں ہے۔
عمران خان سنگجانی میں دھرنے پر آمادہ تھے ، بشری بی بی نے انکار کیا، بیرسٹر سیف کا انکشاف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔