Sunday, December 8, 2024
ہومبریکنگ نیوزامریکا کا حکومت پاکستان پر انسانی حقوق، پی ٹی آئی کے حق احتجاج کے احترام پر زور

امریکا کا حکومت پاکستان پر انسانی حقوق، پی ٹی آئی کے حق احتجاج کے احترام پر زور

واشنگٹن:امریکا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے مظاہرین سے پر امن احتجاج اور تشدد سے گریز کرنے کی اپیل کے ساتھ حکومت پاکستان پر بھی زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کرے۔
امریکا کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پی ٹی آئی کے احتجاج کا مرکزی قافلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہےجب کہ متعدد مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
آج محکمہ خارجہ کی بریفنگ کے دوران ترجمان میتھیو ملر سے پی ٹی آئی کے حامیوں کے احتجاج کے اور پولیس کے ساتھ ان کی مبینہ جھڑپوں کے حوالے سے سوال کیا گیا۔
اس پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں ہم آزادی اظہار، پرامن اجتماع اور تنظیم سازی کی حمایت کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مظاہرین پر زور دیتے ہیں کہ وہ پرامن طریقے سے احتجاج کریں اور تشدد سے گریز کریں، اور ساتھ ہی ہم پاکستانی حکام سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کریں اور پاکستانی قوانین اور آئین کے احترام کو یقینی بنائیں جب کہ ان کا کام ہی امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔