Monday, December 9, 2024
ہومپاکستانپی ٹی آئی لاہور کی نئی حکمت عملی، 700کارکنان گرفتار، راستے کھلنے لگے

پی ٹی آئی لاہور کی نئی حکمت عملی، 700کارکنان گرفتار، راستے کھلنے لگے

لاہور (آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف لاہور کی قیادت کی نئی حکمت عملی سامنے آگئی ہے، صدر پی ٹی آئی لاہورنے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جیسے ہی راستے کھولے گی، ہم ڈی چوک اسلام آباد کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔ دوسری جانب لاہور میں سڑکیں کھلنا شروع ہوگئی ہیں۔
صدر پی ٹی آئی لاہور شیخ امتیاز نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے راستے آج کھلیں کل یا پرسوں، ہم اسلام آباد ضرور جائیں گے، پولیس نے بتی چوک سے ہمارے 700 کارکنان گرفتارکر لئے ہیں۔لاہور میں داتا دربار سے آزادی فلائی اوور کی جانب جانے والا راستہ کھول دیا گیا ہے، ناصر باغ سے آزادی فلائی اوور کی جانب جانے والے راستے پر سے نفری بھی واپس روانہ ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر لاہور کے تمام داخلی وخارجی راستے بند ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، لاہور لٹن روڈ پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہوا، جس کے بعد متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 150 سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو حراست میں لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اسے حراست میں لیا جائے گا۔
لاہور لٹن روڈ پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہوا ہے، پولیس نے متعدد پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا، پولیس نے حافظ ذیشان اور دیگر کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے، پی ٹی آئی کے راہنما ندیم عباس بارا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ لاہور پی ٹی آئی احتجاج میں بہت کم کارکن موجود تھے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینرز لگ گئے، احتجاج کے باعث تمام رابطہ سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی، لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی موٹرویز کو بند کر دیا گیا، بابو صابو کو بھی کنٹینرز اور بیریئرز لگا کر بند کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔شاہدرہ اور بتی چوک جانے والی سڑک کو بھی دونوں اطراف سے بند کیا گیا، آزادی فلائی اوور پر بھی کنٹینرز موجود ہیں، جس کے باعث شہری خوار ہورہے ہیں جبکہ آزادی فلائی آوور پر پولیس کی نفری ڈنڈے تھامے موجود ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ سلمان اکرم راجہ کی قیادت میں بتی چوک پر احتجاج کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔