Sunday, December 8, 2024
ہومبریکنگ نیوزلیگی ایم این اے عادل بازئی فلور کراسنگ پر نااہل قرار

لیگی ایم این اے عادل بازئی فلور کراسنگ پر نااہل قرار


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اپوزیشن رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کے خلاف نااہلی ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم این اے عادل خان بازئی کی نااہلی کے لیے صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فلور کراسنگ کے جرم میں عادل بازئی کو نااہل قرار دے دیا اور انہیں ڈی سیٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے این اے 262 ون کی نشست کو خالی قرار دے دیا۔
عادل بازئی کوئٹہ سے آزاد حیثیت میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ عادل بازئی نے الیکشن میں کامیابی کے بعد پہلے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا تھا ، پھر چند روز بعد سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا۔
دوران سماعت عادل بازئی کے وکیل نے ن لیگ میں شمولیت کے بیان حلفی کو جعلی قرار دیا تھا۔
نواز شریف نے فنانس بل اور آئینی ترمیم میں ووٹ نہ ڈالنے پر عادل کے خلاف نااہلی کا ریفرنس جمع کروایا تھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا گیا جس میں کہا گیا کہ عادل نے آئینی ترمیم کے موقع پر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔