کراچی: مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے حوالے سے کہنا ہے کہ احتجاج زیادہ لمبا نہیں چلے گا، تحریک انصاف کی حکمت عملی ہے کہ دباؤ بنا کر رکھا جائے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ حکومت کسی نہ کسی طرح اپنے آپ کو بچا لے گی، لیکن اس کیلئے پورے پاکستان خاص طور پر پنجاب میں جو رکلاوٹیں کھڑی کی جائیں گی اس سے خبریں بنا کر امریکا میں پہنچوانے میں پی ٹی آئی کامیاب ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ دو تین سے زیادہ دھرنا دینا آسان کام نہیں ہے، جو لوگ آئیں گے انہیں کہاں ٹھہرائیں گے کیا بندوبست کریں گے۔
محمدزبیر نے کہا کہ احتجاج کو کم از کم جزوی کامیاب بنانے کیلئے پی ٹی آءی کو اپنے ورکرز نکالنے ہیں اور ورکرز کافی تھک چکے ہیں، ابھی چوبیس نومبر قریب آئے تو ورکرز کو اٹھایا جائے گا ان کے لیڈرز کو اٹھایا جائے گا وہ چھپتے چھپاتے پھریں گے، اگر ان کو اس بار اٹھائیں گے پکڑیں گے تو دو تین مہینے تک ان کے گھر والوں کو پتا بھی نہیں چلے گا کہ وہ گئے کہاں، وہ پریشر ایک الگ پریشر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس اس وقت کوئی آپشن نہیں بچا سوائے جلسے جلوس اور احتجاج کرنے اور اس کو انٹرنیشنل نیوز بناکر ٹرمپ تک پہنچنے کے، 26ویں ترمیم کے بعد عدلیہ سے کوئی ریلیف کی امید نہیں ہے، پارلیمنٹ سے کوئی امید نہیں ہے، بات چیت سے کوئی امید نہیں ہے بات چیت کامیاب ہو ہی نہیں سکتی ہے۔