Friday, May 22, 2026
ہومپاکستاندفتر چھوڑیں اور فیلڈ میں آئیں، وزیرِ اعلی مریم نواز کا عید الاضحی پر افسران کو فرنٹ لائن پر رہنے کا سخت حکم

دفتر چھوڑیں اور فیلڈ میں آئیں، وزیرِ اعلی مریم نواز کا عید الاضحی پر افسران کو فرنٹ لائن پر رہنے کا سخت حکم

لاہور (آئی پی ایس )وزیرِاعلی مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت عید الاضحی کے انتظامات، سیکیورٹی اور صفائی کے حوالے سے ایک اعلی سطح کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا ہے۔ اس اہم اجلاس میں صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور پولیس افسران نے تفصیلی شرکت کی ہے۔ وزیرِ اعلی نے عید کے موقع پر سیکیورٹی اور صفائی کے نظام کو مثالی بنانے کے لیے سخت گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں کسی بھی سطح پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام انتظامی اور پولیس افسران کو عید کے ایام میں دفاتر کے بجائے فیلڈ میں فرائض سرانجام دینے کا حکم دیا ہے۔ وزیرِ اعلی نے عید کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ دی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عید کے دوران جانوروں کی باقیات اور آلائشیں گلیوں، محلوں، نالوں اور نہروں میں پھینکنے پر پچاس ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی ریلوے کالونیز، کنٹونمنٹ ایریاز اور نجی ہاسنگ سوسائٹیوں میں بھی صفائی کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ وزیرِ اعلی نے صوبے بھر میں بہترین صفائی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع اور افسران کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا ہے۔مزید برآں، ہوائی اڈوں کے قریبی علاقوں میں کچرا پھینکنے والی جگہوں کو پائلٹس کی سہولت کے لیے مکمل طور پر ڈھانپنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جبکہ واسا انتظامیہ کو عید کے تمام دنوں میں شہریوں کو پانی کی بلا تعطل فراہمی برقرار رکھنے کا سخت حکم دیا گیا ہے۔

مویشی منڈیوں کے حوالے سے وزیرِ اعلی نے واضح کیا ہے کہ جانوروں کی خرید و فروخت صرف منظور شدہ منڈیوں میں ہی کی جائے گی۔غیر مجاز اور غیر قانونی مقامات پر منڈیاں قائم کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔ ان تمام منڈیوں اور بازاروں کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ویجیلنس آپریشن کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ منڈیوں میں جانوروں کی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کو روکنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ٹرانسبورٹ کے نظام کو بہتر بنانے اور اوور چارجنگ روکنے کے لیے تمام بس اسٹینڈز اور بسوں پر کرایہ نامے واضح آویزاں کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کے حوالے سے وزیرِ اعلی نے صوبے کے تمام حساس مقامات پر غیر معمولی انتظامات اور مسلسل کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبے بھر میں عید کے ایام میں اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور لاڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ممنوعہ اور کالعدم تنظیموں کو قربانی کی کھالیں کسی بھی صورت اکٹھی کرنے کی اجازت بالکل نہیں ہوگی۔ کھالیں جمع کرنے والے منظور شدہ کیمپوں پر بھی لاڈ اسپیکر کے استعمال پر قانون کے مطابق پابندی عائد رہے گی۔ عوامی تفریح کے حوالے سے صوبے بھر میں عارضی اور غیر محفوظ جھولوں کی تنصیب پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔پارکوں میں پہلے سے موجود جھولوں کی سیکیورٹی اور سیفٹی کو انتظامیہ کی جانب سے لازمی چیک کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی، عید کے مبارک موقع پر عید گاہوں اور مساجد کو عرقِ گلاب سے معطر کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر نظر رکھنے کے لیے وزیرِ اعلی نے سائبر پٹرولنگ کا حکم دیا ہے تاکہ نفرت انگیز مواد کا موثر سدِباب کیا جاسکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔