پشاور(آئی پی ایس ) پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد خیبر پختونخوا اسمبلی اور چائنا ونڈو کے اشتراک سے کے پی ہاوس اسلام آباد میں کیا گیا، جس میں سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ممتاز سفارتکاروں، خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین، صوبائی وزرا، ثقافتی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے شرکت کی۔خیبرپختونخوا اسمبلی سے شرکا میں صوبائی وزیر نذیر عباسی، اراکینِ صوبائی اسمبلی اکبر ایوب خان، آصف محسود، اکرام اللہ غازی، فائزہ ملک، انور خان اور سونیا شاہ شامل تھے۔ سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی سید وقار شاہ سمیت اسمبلی کے پبلک ریلیشنز، پروٹوکول اور دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور چین کے قومی ترانوں سے ہوا، جس کے بعد دونوں ممالک کی دیرینہ اور تاریخی دوستی پر مبنی ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی۔ چائنا ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ثقافتی سفارتکاری کے ذریعے پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے تیار کردہ خصوصی نغمہ بھی باقاعدہ طور پر پیش کیا گیا، جو پشتو شاعری پر مبنی تھا اور اس کے چینی و اردو سب ٹائٹلز اسکرین پر دکھائے گئے۔ اس نغمے کو حاضرین نے بے حد سراہا۔ معروف فنکاروں اور ثقافتی پرفارمرز نے بھی موسیقی کے ذریعے دونوں ممالک کی لازوال دوستی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔چینی کلچرل کونسلر چن پنگ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور پاکستان و چین کے درمیان گہری دوستی اور اسٹریٹجک تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے اس تعلق کو باہمی اعتماد اور مشترکہ خوشحالی کی روشن مثال قرار دیا۔سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی گزشتہ 75 برسوں سے ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
انہوں نے اس تعلق کو اخلاص، اعتماد، باہمی احترام اور اسٹریٹجک تعاون کی روشن مثال قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)دونوں ممالک کے مشترکہ ترقیاتی وژن کی عملی تصویر ہے اور خیبر پختونخوا اس منصوبے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، رابطہ کاری اور استحکام کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔پارلیمانی سفارتکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے سپیکر نے اپنے حالیہ دورہ کاشغر اور ارومچی کا ذکر کیا جہاں تجارت، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے پشاور اور ارومچی، جبکہ ایبٹ آباد اور کاشغر کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کے قیام میں پیش رفت کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے چائنا ونڈو کی ثقافتی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موسیقی، ادب اور فنون کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے معروف شاعر پروفیسر ڈاکٹر ڈاکٹر اباسین یوسفزئی اور گلوکار ڈاکٹر عرفان خلیل اور یمسا نور کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں میں یادگاری سووینئر تقسیم کیا گیا جبکہ پاک چین تعلقات کی 75 سالہ خوشی میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔تقریب کے آخر میں دونوں برادر ممالک کے درمیان عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
