واشنگٹن (آئی پی ایس )امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے پیش رفت جاری ہے اور اس عمل میں پاکستان کے ساتھ رابطے بھی برقرار ہیں۔ ان کے مطابق امید کی جا رہی ہے کہ فریقین کے درمیان ایک معاہدہ طے پا سکتا ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
سوئیڈن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ایران کے ساتھ ڈیل کو پہلی ترجیح کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری بات چیت میں پاکستان بطور ثالث کردار ادا کر رہا ہے، جو خطے میں امن کے لیے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر کام جاری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ایک متبادل منصوبہ بھی موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کا موقف واضح ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔مارکو روبیو کے مطابق خطے میں توانائی اور تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور ایران کو مبینہ طور پر ٹول ٹیکس نظام سے روکنے کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یورینیم افزودگی اور آبنائے ہرمز جیسے حساس معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ خطے میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
