اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ مجھے ذرا بھی ابہام نہیں کہ عدالتوں یا پارلیمان سے فیصلہ ہوگا، فیصلہ بالآخر سڑکوں پر ہوگا اور تب ہوگا جب آپ لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر نکلیں گے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے منگل کو کہا کہ جب تک آپ لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر نہیں آئیں گے تو یہ فیصلہ نہیں ہوگا، اگر آپ 8 یا 10ہزار لوگ آئیں گے تو دو ہزار کو تو یہ گرفتار کرلیں گے، باقیوں کو مار پیٹ کر منتشر کردیں گے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پاکستان کی قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ بالآخر وہ اپنی آزادی کے لیے سڑکوں پر کب آئے گی، مجھے روز کہا جاتا ہے کہ آپ کال کیوں نہیں دیتے، کال دینا کوئی مشکل کام نہیں ہے، لیکن کال میں اس وقت دوں گا جب مجھے یقین ہوگا کہ 3 یا 4 لاکھ کا مجمع سڑکوں پر آئے گا۔