اسلام آباد (عباس قریشی )ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پاکستان ہمسائیہ، پڑوسی و برادر ملک ہے ،پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ، اقتصادی و تجارتی تعاون موجود ہے ،ہمارا پاکستان سے عسکری و سیکیورٹی تعاون بھی موجود ہے ،پاکستان اور ایران نے ہمیشہ کڑے وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، دونوں ممالک کے مابین بین الاقومی فورمز ہر تعاون موجود ہے ۔
ایرانی سفیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ کشیدہ ترین صورتحال میں ایران کو کسی سے مدد کی ضرورت نہیں ہے ،ہم گذشتہ ایک برس سے اسرائیل امریکہ، یورپ اور دنیا کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں،امریکہ سے عسکری ٹکراو نیا نہیں، گذشتہ ایک برس سے فلسطین و لبنان جنگوں کی صورت میں جاری ہے ،فلسطین، لبنان میں ہونے والی جنگ دراصل کفر و اسلام کی جنگ ہے ،فلسطین و لبنان کا قضیہ صلیبی و صہیونی کی اسلام کیساتھ جنگ ہے، مسئلہ فلسطین دو ریاستی حل خواب نہیں سراب ہے، جس کی کوئی حیثیت نہیں،فلسطین دراصل فلسطینی عوام کا ہے ،وہی اس کے وارث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر عالمی و ملکی عدالتوں میں کیسز رجسٹرڈ ہیں،جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے حوالے سے ٹرمپ کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہے ہیں،ہم ملکی سطح اور بین الاقوامی سطح پر قانونی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں،ہم ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کیسز پر پیش رفت کر رہے ہیں،ہم انٹرنیشنل کریمینل کورٹ اور ملکی عدالتوں میں ٹرمپ کے خلاف کیسز کی بھرپور پیروی کر رہے ہیں،انشااللہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کیسز پر جلد فیصلے آئیں گے،امریکہ کی جانب سے حالیہ لیک شدہ حساس کیبلز و دستاویزات ایران کو دھوکہ دینے کے لیے بھی ہو سکتی ہیں،ایران کے عسکری ڈاکٹرائن میں جوہری ہتھیاروں کا استعمال نہیں ہے ۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا،اسرائیل کی جانب سے جوہری جارحیت بعید از قیاس نہیں ہے ،اسرائیل سے کچھ بعید نہیں کہ وہ ایران کے خلاف ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال کرے ،تاہم ایرنی عسکری قیادت اعلان کر چکی ہے کہ اسرائیلی جارحیت کا سخت ترین جواب دیا جائے گا،شہید اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ایرانی جنرل اسماعیل کی گرفتاری کی افواہیں بے بنیاد و غلط ہیں،شہید اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ایرانی جنرل کی گرفتاری کی افواہوں کو سختی سے مسترد کرتے ہیں،شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت کی رپورٹس آ چکی ہیں،ایرانی فضائیہ ،ایرانی تحقیقاتی ٹیم اور ایرانی بم ڈسپوزل ٹیموں نے مل کر تحقیقات کیں،ان سب تحقیقات میں خراب موسم ہی حادثے کا سبب نکلا،امریکہ،یورپ اور چند اسلامی ممالک کی جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد اسرائیل کو حاصل ہے ،اسرائیل نے حسن نصراللہ کی شہادت کیلئے 85 بنکر بسٹر استعمال کئے ،جبکہ شہید ہاشم صفی الدین کی شہادت کیلئے 75 بنکر بسٹر بم استعمال کیے گئے ،ہم دنیا بھر کی ٹیکنالوجی کیساتھ اکیلے برسر پیکار ہیں،ہم نے امریکہ و اسرائیل کی اس جدید ٹیکنالوجی کی حیثیت کو ناکام کردیا ہے ،ہما ری ٹیکنالوجی کے آگے آئرن ڈوم سمیت یورپ و امریکہ کی ٹیکنالوجی بری طرح ناکام ہوئی، اسرائیل ایک کلوز سوسائٹی ہے اور اپنے نقصانات چھپاتی ہے ،ہمارے بہت سے میزائل ان کے ایف 18 اور ایف 35 نواتیم ائیربیس پر گرے ،اگر اسرائیل کے پاس ٹیکنالوجی ہے تو ہمارے پاس اپنا عزم ہے ۔
