اسلام آباد،وفاقی کابینہ میں ایک بار پھر توسیع کردی گئی ہے، وزیراعظم عمران خان نے مونس الہی کو وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کا قلمدان سونپ دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ (ق)کے رکن قومی اسمبلی اور پرویزالہی کے صاحبزادے مونس الہی کو کابینہ میں شامل کرلیا ہے۔ مونس الہی کو وزارت آبی وسائل کا قلمدان دیا گیا ہے ۔مونس الہی کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کے بعد مسلم لیگ (ق)کی مرکز میں دو وزارتیں ہوگئی ہیں، کابینہ ڈویژن مونس الہی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کرے گا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق)کی جانب سے وزارت صنعت و پیداوار اور وزارت پیٹرولیم کی خواہش ظاہر کی گئی تھی۔ گزشتہ دنوں چوہدری پرویز الہی کی قیادت میں مسلم لیگ (ق)کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔مونس الہی کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کا حجم 51 اراکین تک پہنچ جائے گا، وفاقی وزرا کی تعداد 28 ہو جائے گی،کابینہ میں چار وزرائے مملکت، چار مشیران اور 16 معاونین خصوصی شامل ہیں۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے چودھری مونس الہی کو وفاقی وزیر کا عہدہ سنبھالنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔
