لاہور (سب نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کسی بھی محکمے کی فیصلہ سازی کیلئے ڈیٹا بہت اہم ہوتا ہے لیکن ہم انفارمیشن اور ڈیٹا کے بغیر ہی فیصلے کرتے ہیں، چاہتی ہوں ہمارے پاس درست ڈیٹا ہو تاکہ سوشل پروٹیکشن پروگرامز میں ٹیکس دہندگان کا پیسا ضائع نہ ہو۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا مجھے شکایات آئیں کہ رمضان پیکج غریبوں کے بجائے وڈیروں تک پہنچ رہا ہے، مجھے اندازہ ہوا کہ ہمارے پاس تو ڈیٹا ہی نہیں ہے، پنجاب کی 13 کروڑ آبادی ہے لیکن پتا نہیں کتنی آبادی کس سوشیو اکنامک کیٹیگری میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بہت سے لوگ بجلی کے بل افورڈ نہیں کر سکتے، بجلی کے بل عوام کیلئے ایک بڑی مشکل بن گئے ہیں، لوگوں کی تنخواہ کا ایک بڑا حصہ بجلی کے بلوں کی مد میں چلا جاتا ہے، ایسے صارفین جن کے 500 یونٹ استعمال ہوتے ہیں ان کیلئے سولر سسٹم لا رہے ہیں، 45 لاکھ صارفین کے لیے سولر منصوبہ لا رہے ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا سوشیو اکنامک رجسٹری میں 5000 سے زیادہ رجسٹریشن سینٹرز بنائے گئے ہیں، رجسٹریشن کروانے سے لوگ سوشل پروٹیکشن پروگرامز کے حقدار ہوں گے، لوگ گھر بیٹھ کر بھی پورٹل پر خود کو رجسٹر کرا سکتے ہیں، امید ہے ایک سال میں درست ڈیٹا سامنے آ جائے گا جس کے مطابق مستحق لوگوں کو ریلیف دیں گے۔
بہت سے لوگ بجلی کے بل ادا نہیں کر سکتے، تنخواہ کا بڑا حصہ بلوں میں چلا جاتا ہے،مریم نواز
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔