اسلام آباد، امریکی راک بینڈ “برن دی بال روم” نے دو ہفتوں پر مبنی اپنا دورہ پاکستان مکمل کرلیا ہے۔ یو ایس آرٹ اینڈ اینوائے پروگرام کے تعاون سے منعقد کردہ یہ سرگرمی دو سے پندرہ نومبر تک جاری رہی جس کے دوران موسیقاروں نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ موسیقی کے ان پروگراموں اور تربیتی نشستوں کے توسط سے بینڈ نے ہزاروں پاکستانی نوجوانوں تک رسائی حاصل کرتے ہوئے امریکہ کے ڈھائی سو سالہ جشن آزادی کا لُطف دوبالا کر دیا۔ امریکی موسیقاروں کا دورہ تخلیقی کاروباری صلاحیتوں کی اہمیت کا غماز تھا جبکہ یہ امر بھی اُجاگر کیا گیا کہ بینڈ کی مؤثر برانڈنگ اور کاروباری سوچ کس طرح اختراعی خیالات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
اس حوالہ سے برن دی بال روم کے ڈرم بجانے والے جیک آئیونز کا کہنا تھا کہ پاکستان سے قبل اُن کے بینڈ نے دس دیگر مُمالک کا بھی آرٹس اینڈ میوزک اینوائے پروگرام کے تحت دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے دوستانہ، پُرجوش، فراخ دل اور کشادہ ذہن لوگوں کی جانب سے استقبال دیکھ کر ہم نے خود کو ہمیشہ خوش قسمت تصور کیا۔ لیکن اِس بار کا تجربہ بالکل مختلف رہا کیونکہ پاکستان جیسی مہمان نوازی ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ یہاں پر ہر فرد نے ہمیں یہ إحساس دلایا کہ ہم اُن کے خاندان کا حصہ ہیں، جس پر ہم تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد تجربہ تھا، جس کا تذکرہ ہم زندگی بھر کرتے رہیں گے۔
اسلام آباد اور لاہور میں بینڈ نے کئی بڑی تقریبات میں بطور مرکزی فنکار شرکت کی، جن میں یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان میں فریڈم ٹو ففٹی کا جشن بھی شامل تھا۔ بینڈ نے سُرتال اکیڈمی آف میوزک کے ساتھ مل کر دل دل پاکستان اور امریکہ دی بیوٹی فل کے امتزاج پر مبنی دھنیں بھی پیش کیں۔ دریں اثنا، برن دی بال رُوم نے روٹس انٹرنیشنل، اقراء یونیورسٹی، نیشنل کالج آف آرٹس اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے طالبعلموں کو ابھی اپنے فن سے محظوظ کیا۔
کراچی میں امریکی فنکاروں نے خاتونِ پاکستان گورنمنٹ گرلز اسکول، کے ایف سی کے تعاون سے فعال ڈیف ریچ اسکول اور نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس میں مشترکہ موسیقی کی نشستوں کا انعقاد کیا۔ دورے کا اختتام آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیرِ اہتمام عالمی ثقافتی میلے کے مرکزی اسٹیج پر بینڈ کی شاندار پرفارمنس سے ہوا۔
امریکی بینڈ نے متعدد متعامل ورکشاپس کی بھی قیادت کی۔ ان میں دی بزنس بیہائنڈ دی بینڈ کے عنوان سے منعقدہ ورکشاپ بھی شامل تھی، جس میں مقامی نوجوانوں کو بین الاقوامی موسیقی کی صنعت میں کامیابی کے لیے عملی حکمتِ عملی سے روشناس کروایا گیا۔ کامن کورڈز میوزک کولیبوریشن لیبز میں امریکی موسیقاروں نے پاکستانی لوک گلوکاروں اور سازندوں کے ساتھ مل کر مشترکہ دُھنیں تخلیق اور پیش کیں۔
واضح رہے کہ یو ایس آرٹس اینڈ اینوائے میوزک پروگرام فنکاروں اور موسیقاروں سے متعلق امریکی حکومت کی ایک نمایاں تبادلہ سرگرمی ہے، جس کی ہر سال بیس سے زائد ممالک میں شائقین تک رسائی ہوتی ہے۔ پروگرام کے تحت امریکہ بھر سے موسیقی گروپوں اور فنکاروں کو دنیا بھر میں امریکی سفارتخانوں اورقونصل خانوں کی زیر میزبانی ایک سے تین ہفتوں پر مشتمل کثیر مُلکی آرٹ، موسیقی اور تعلیمی دوروں میں شرکت کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔
امریکی راک بینڈ کا دورہ پاکستان عوامی سفارتکاری کے فروغ کا غماز
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
