اسلام آباد:آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ملک ابرار حسین نے فیڈرل بورڈ کے تحت جاری کردہ میٹرک نتائج برائے سال 2024ء کے موقع پر نمایاں پوزیشنز لینے والے میں نجی تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کی نمایاں کارکردگی پر نجی تعلیمی اداروں کی تنظیمات،والدین،اساتذہ اور بچوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کا فروغ وطن عزیز کی معاشی،سماجی اور سیاسی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتاہے۔
اس حوالے سے نجی شعبہ تعلیم حقیقی معنوں میں ملک و قوم کی تعلیمی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزآل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی سینئر نائب رانا سہیل احمد کے سکول فیوچر فاؤنڈیشن کی طالبہ اقصیٰ فاروق کو فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد میں پہلی پوزیشن لینے پران کی ساری ٹیم،سٹوڈنٹ،والدین اور ایسوسی ایشن کے تمام عہدے داران و ممبران کو مبارک بادکا پیغام دیتے ہوئے کیا۔
فیڈرل بورڈ کے ممبر BOG اور ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد اشرف ہراج،عرفان مظفرکیانی،ملک دین محمد اعوان، جاوید اقبال راجہ، ذوالفقار علی صدیقی ،راجہ الیاس کیانی،ملک حفیظ الرحمن ،محمد ابراہیم،قاسم عباس،انتخاب حسین،اسرار بخاری ،ساجد الیاس چوہدری ،حاجی عبد الرحیم ودیگر عہدیداران نے بھی رانا سہیل احمد کو مبارکباد پیش کی۔ڈاکٹر ملک ابرار حسین کا مزید کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ کی جانب سے نتائج کی بہتر تیاری کی گئی ہے جو کہ خوش آئندہے۔ فیوچر فاؤنڈیشن کی طالبہ اقصیٰ فاروق کی پوزیشن نجی شعبہ تعلیم کے لیے اعزاز ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ نجی تعلیمی ادارے انتہائی نامساعد حالات میں اور حکومتی عدم توجہی کے باوجود ہر امتحان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ نجی شعبہ تعلیم ہی ایک ایسا شعبہ ہے جو ملکی مستقبل کی بہتری اور نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں حکومت وقت کا ہاتھ بٹا رہا ہے،حکومت کو چاہیے ملکی بہتر مستقبل اور شرح خواندگی کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کی سرپرستی کرے۔
