ہومبریکنگ نیوزایف آئی اے کی بڑی کامیابی، آئیسکو رشوت کیس میں پانچ ملزمان کو 17،17 سال قید

ایف آئی اے کی بڑی کامیابی، آئیسکو رشوت کیس میں پانچ ملزمان کو 17،17 سال قید

اسلام آباد:(سب نیوز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے 30 اگست 2024 کو چھاپہ مار کارروائی میں آئیسکو کے تین ڈویژنل اکاؤنٹس آفیسرز اور دو آڈٹ آفیسرز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ چار لاکھ پچھتر ہزار روپے برآمد ہوئے جو آئیسکو حکام کی جانب سے سال 2019 سے 2024 تک کی بیرونی آڈٹ رپورٹ اپنے حق میں سازگار بنوانے کے عوض آڈٹ آفیسرز کو بطور رشوت دیے جا رہے تھے۔ واقعہ کی بنیاد پر ایف آئی آر نمبر 153/2024 دفعات 161، 162، 163، 109 تعزیرات پاکستان اور دفعہ 5(2) پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 1947 کے تحت درج کی گئی تھی۔

17 جولائی 2026 کو سپیشل جج سنٹرل راولپنڈی عبدالرحمٰن محمد عارف نے مقدمے کی سماعت مکمل کرتے ہوئے تمام پانچوں ملزمان زیشان علی اکبر، نذر حسین، اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب ظہیر کو سترہ سترہ سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔ عدالت نے برآمد شدہ رقم ایک کروڑ چار لاکھ پچھتر ہزار روپے حکومتِ پاکستان کے خزانے میں ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔

یہ کامیابی ایف آئی اے ٹیم کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ لگن کا نتیجہ ہے۔ مقدمے کی تفتیش سے لے کر عدالت میں کامیاب سماعت تک کے پورے عمل میں انویسٹی گیشن آفیسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذوہیب نیازی اور لاء آفیسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر صلاح الدین کی غیر معمولی محنت، قانونی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیت نے اس مقدمے کو کامیاب انجام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

یہ عدالتی فیصلہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی اور رشوت ستانی کے خلاف ایف آئی اے کے عزم کا مظہر ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔