ہومپاکستانپاکستان آٹو موڈ پر نہیں چل سکتا ، ترقی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا ، خواجہ آصف

پاکستان آٹو موڈ پر نہیں چل سکتا ، ترقی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا ، خواجہ آصف

سیالکوٹ (آئی پی ایس) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ، پاکستان آٹوموڈ پر نہیں چل سکتا۔ سب کو مل کر ملک کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔

سیالکوٹ میں فیض احمد فیض فلائی اوور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سیالکوٹ کی ترقی دیکھ کر خوشی ہوتی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہر کی تزئین و آرائش اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی ہے، جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ سمیت ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ نئے اوورہیڈ برج کی تعمیر سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور وزیرآباد تک رسائی بھی آسان ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ رنگ روڈ کا پہلا مرحلہ جلد مکمل ہو جائے گا، پہلے فیز میں ضلع کی چاروں تحصیلوں کو آپس میں منسلک کیا جائے گا، جس سے ٹریفک کا دباؤ کم ہو گا اور سفری نظام مزید بہتر بنے گا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ آئندہ برسوں میں موٹروے منصوبوں پر مزید کام کیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ کو موٹروے کا تحفہ دیا تھا، جس سے علاقے کی معاشی اور صنعتی ترقی کو نئی رفتار ملی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کھاریاں سے روات تک 205 ارب روپے لاگت کا اہم موٹروے منصوبہ زیر تعمیر ہے، جو خطے میں سفری سہولیات اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھاریاں راولپنڈی موٹروے منصوبے کی منظوری اور فنڈز کی فراہمی میں عسکری قیادت نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ جس پر فوجی قیادت کے شکرگزار ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔