ہومتازہ ترینمسلم لیگ (ق) کو گلگت بلتستان میں بڑی سیاسی کامیابی، سنی اتحاد کونسل کے چیف آرگنائزر صاحبزادہ علامہ منظور احمد قادری اپنی تنظیم اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شامل

مسلم لیگ (ق) کو گلگت بلتستان میں بڑی سیاسی کامیابی، سنی اتحاد کونسل کے چیف آرگنائزر صاحبزادہ علامہ منظور احمد قادری اپنی تنظیم اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شامل

گلگت: پاکستان مسلم لیگ (ق) کو گلگت بلتستان میں ایک اہم سیاسی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیف آرگنائزر صاحبزادہ علامہ منظور احمد قادری نے اپنے ساتھیوں اور تنظیم سمیت پاکستان مسلم لیگ (ق) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی۔

شمولیتی تقریب پاکستان مسلم لیگ (ق) گلگت بلتستان کے صوبائی صدر دلفراز خان کی رہائشگاہ پر منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر غلام مصطفیٰ ملک، صوبائی صدر دلفراز خان اور صوبائی سینئر نائب صدر نور الحب حق اعلیٰ نے علامہ منظور احمد قادری کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ تحریک انصاف کی اہم اتحادی جماعت کے صوبائی صدر کی پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اور سیاسی قیادت پارٹی کی شاندار کارکردگی اور مثبت سیاست پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ قومی مفاد، ملک کی ترقی اور عوامی خوشحالی کو اپنی سیاست کا محور بنایا، جبکہ چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین بھی اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنا رہے ہیں۔

صوبائی صدر دلفراز خان نے کہا کہ علامہ منظور احمد قادری کی شمولیت سے پاکستان مسلم لیگ (ق) گلگت بلتستان خصوصاً ضلع استور میں مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی اور عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیز کرے گی۔

صوبائی سینئر نائب صدر نور الحب حق اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) نے ہمیشہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات پارٹی پر اعتماد کا اظہار کر رہی ہیں۔

اس موقع پر صاحبزادہ علامہ منظور احمد قادری نے کہا کہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اس لیے اختیار کی کیونکہ اس جماعت کی قیادت دعووں کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک استحکام پاکستان کی جانب سے بھی شمولیت کی پیشکشیں موصول ہوئی تھیں، تاہم اپنے قریبی دوست پیر ارشد قمر گوراہ کی مشاورت سے پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین گلگت بلتستان کے حقیقی محسن ہیں، اور وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

تقریب میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس اہم سیاسی پیش رفت کو پاکستان مسلم لیگ (ق) کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔