اسلام آباد/ساہیوال(سب نیوز) کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد سرویہ نے تعلیمی سیشن فال 2026ء کے لیے داخلہ مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ کو ڈیجٹیل دور کے چیلنجز سےنمٹنےکے لئے تیار کرنا ہمارا وژن ہے ۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے تعلیمی بااختیاری، جدت طرازی کے فروغ اور ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے یونیورسٹی کے عزم اور اپنے وژن پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔
ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد سرویہ کا کہنا تھا کہ کامسیٹس ساہیوال طلبہ کو ایک ایسا بہترین اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جو نہ صرف ان کی تعلیم بلکہ عملی زندگی میں بھی ان کی کامیابی کا ضامن بنے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی کے پاس جدید ترین انفراسٹرکچر، اعلیٰ معیار کی تعلیمی و تحقیقی سہولیات اور انتہائی قابل و تجربہ کار اساتذہ کی ٹیم موجود ہے، جو اس کیمپس کو خطے کا ایک نمایاں اور لیڈنگ تعلیمی ادارہ بناتی ہے۔
یونیورسٹی میں جاری داخلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواہ طلبہ ہیومینیٹیز، بائیو سائنسز، انجینئرنگ، مینجمنٹ سائنسز میں دلچسپی رکھتے ہوں یا کسی بھی جدید ٹیکنالوجی میں، کامسیٹس ساہیوال ان کے لیے بہترین انتخاب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپس میں اس وقت انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ سطح پر بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی کے تمام متنوع پروگرامز میں داخلے کھلے ہیں، جو آگے بڑھنے کے خواہش مند طلبہ کے لیے ایک شاندار موقع ہے۔

