تہران (آئی پی ایس) ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکا کے حملے مزید دو سے تین روز تک جاری رہے تو ایران بھی طبل جنگ بجا دے گا۔
محسن رضائی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مذاکرات اور جنگ ساتھ ساتھ چلنے کی پالیسی اب ختم ہو چکی ہے، اگر امریکی حملے مزید جاری رہے تو ایران بھی طبلِ جنگ بجا دے گا۔
اس کے علاوہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایروسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل مجید موسوی نے اپنے بیان میں کہا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم ہونے تک ایران کی جوابی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
جنرل مجید نے کہا کہ پورا ایران اس وقت ایک ساتھ دشمن کے خلاف کھڑا ہے، تہران سے لے کر جنوب تک ملک کا ہر حصہ یکساں اہمیت رکھتا ہے، اگر شہریوں اور انفراسٹرکچر پرحملے کیے گئے تو اسکا زیادہ سخت جواب ہو گا۔
دریں اثنا ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے امریکی حملوں کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام پہلے سے کہیں زیادہ متحد، پرعزم اور دشمن کو سخت جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ایران اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھے گا۔
ادھر ایرانی میڈیا نے ہرمزگان میں امریکی حملوں میں شہید ہونے والے آٹھ افراد کی تصاویر جاری کر دی ہیں، جن میں چار مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی فوج نے مسلسل ساتویں روز بھی ایران کے مختلف شہروں پر حملے جاری رکھے ، جس کے جواب میں ایران کی پاسداران انقلاب نے اردن میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی امریکی فوجی زخمی ہوئے۔
