ہومتازہ ترینمقامی عدالت کا سردار تنویر الیاس کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم

مقامی عدالت کا سردار تنویر الیاس کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم

اسلام آباد(آئی پی ایس ) مقامی عدالت نے نجی شاپنگ مال کے سیکیورٹی انچارج پر تشدد اور تالے توڑنے پر درج مقدمے میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت وکیل تنویر الیاس نے بتایا کہ دونوں فریقین میں سمجھوتا ہوگیا ہے، قدمے کا مدعی آ جائے تو ضمانت کی درخواست دائر کردیں گے۔اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ ٹھیک ہے اس کو جوڈیشل کردیتے ہیں، آپ ضمانت کی درخواست دائر کردیں۔بعد ازاں عدالت نے تنویر الیاس کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔یاد رہے کہ سردار تنویر الیاس کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔سردار تنویر الیاس کی ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے موقع پر وڈیو بنانے پر پولیس اور تنویر الیاس کے اسٹاف نے صحافیوں سے بدتمیزی اور ہاتھا پائی کی، پولیس اہلکاروں اور سردار تنویر الیاس کے اسٹاف نے صحافیوں سے موبائل چھین لیے اور ویڈیو بنانے سے منع کیا۔

بعد ازاں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی، ضمانت کی درخواست پر سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے کی، سردار تنویر الیاس کے وکیل عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔وکیل سردار تنویر الیاس نے بتایا کہ صلح نامہ پر سردار تنویر الیاس اور مدعی مقدمہ کے دستخط کروانے ہیں، تھانے میں بلوا کر دستخط کروا دیں۔جج نے ریمارکس دیے کہ تھانے میں نہیں عدالت میں بلوا لیتا ہوں، ادھر ہی دستخط کروا لیں۔اسی کے ساتھ عدالت نے سردار تنویر الیاس کو 2بجے دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔