ہومپاکستانکراچی ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا

کراچی ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا

کراچی(آئی پی ایس ) کراچی ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا،جس کے بعد سعودی ایئرلائن کی پہلی حج پرواز جناح ٹرمینل سے عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔اتوار کی دوپہرکراچی ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ مکرمہ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری، سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی،سعودی چیئرمین امیگریشن اینڈ پاسپورٹ لیفٹننٹ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز ال یحی سمیت تھے جبکہ تقریب میں سعودی اور پاکستانی حکام شریک ہوئے۔

پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی اور سعودی چیئر مین امیگریشن پاسپورٹ لیفٹننٹ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز ال یحیی نے فیتہ کاٹ کر روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، اس سال کراچی ایئرپورٹ کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے کراچی ایئرپورٹ پر سعودی حکام پاکستانی عازمین حج کی ون ٹائم امیگریشن کر رہے ہیں، کراچی سیامیگریشن لینے کے بعد پاکستانی عازمین حج کو سعودی عرب میں امیگریشن کی ضرورت نہیں ہوگی،اسلام آباد ائیرپورٹ کو پہلے ہی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا جاچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے دعاگو ہیں۔تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اس سال کراچی سے روڈ ٹو مکہ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور کراچی سے اس سال 35500 حجاج اس سہولت سے مستفید ہوں گے،اس سہولت کے تحت حجاج کرام پاکستان میں ہی ایئرپورٹ سے تمام ضروری کلیئرنس کے بعدسعودی عرب میں اپنے ہوٹل میں سامان وصول کر پائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کے ساتھ پاکستان کے تجارتی معاہدے کامیابی سے تکمیل تک پہنچیں گے، اسلام آباد میں جو سعودی وفد آیا ہے وہ 5 ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ کرنا چاہتا ہے،جب یہ سرمایہ کاری پاکستان میں آئے گی تو ملک میں خوشحالی آئے گی، پاکستان میں انویسٹمنٹ وزیر اعظم شہباز شریف کی قائدانہ صلاحیت کی بدولت ہے، اس کا سہرا آرمی چیف کو بھی دینا چاہتا ہوں، آرمی چیف نے سرحدی دہشت گردی کی طرح معاشی دہشتگردی کے خلاف بھی کام کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔