اسلام آباد(سب نیوز )پاکستان اور عالمی بینک نے اصلاحات اور ترقی کا ایجنڈا آگے بڑھانے کے لیے ایک نئے مضبوط اور پرجوش کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر کام کرنے پر اتفاق کرلیا ہے اور عالمی بینک نے معیشت کو مستحکم کرنے، جامع اور لچکدار ترقی کو تیز کرنے کے لیے مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائسر نے پاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل کر لیا اور انہوں نے اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) ملک امجد زبیر ٹوانہ سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔
جنوبی ایشیا کے لیے عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن رائسر نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات کے موقع پر پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری نمائندے ناجی بینہسین بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مارٹن رائسر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں عالمی بینک کے تعاون اور پاکستان میں 2022 کے سیلاب کے تناظر میں موسمیاتی لچکدار انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے لیے بینک کی طرف سے دی جانے والی امداد کو بھی سراہا۔ انہوں نے وفد کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں بتایا جس میں ٹیکس کے پورے نظام کی ڈیجیٹائزیشن، پاور سیکٹر میں اصلاحات، زرعی شعبے میں فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ، بچوں کی نشوونما کے مسئلے حل کرنا شامل ہیں۔

