اسلام آباد،قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے بجٹ اجلاس کے دوران سینیٹائزر بوتلوں پر پابندی عائد کردی ، گزشتہ روز سینیٹائزر کی بوتل کے حملے سے ایک رکن زخمی ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں سینیٹائزر بوتلوں پر پابندی عائد کردی گئی ، اراکین اسمبلی کو صرف ماسک فراہم کیے گئے جبکہ اسپیکرکی ہدایت پر ایوان میں سیکیورٹی حکام نے تفصیلی معائنہ کیا۔اس سے قبل ایوان میں بھاری کتابوں کی فراہمی بھی بند کردی گئی تھی۔گزشتہ روز اسپیکر اسد قیصر کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر اس وقت ہنگامہ آرائی کی نظر ہوگیا جب شہباز شریف اظہارِ خیال کررہے تھے۔شہبازشریف کی تقریر کے دوران قومی اسمبلی میں کتابوں کے بعد سینیٹائزر چل گئے، اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے کسی رکن نے سینیٹائزر کی بوتل حکومتی نشستوں کی طرف اچھالی جو حکومتی رکن کو جاکر لگی۔سینیٹائزر کی بوتل لگنے سے حکومتی رکن اکرم چیمہ زخمی ہوئے ،جس پر سپیکر اسد قیصر نے فورا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ جس نے بھی کوئی چیز اچھالی اسے ایوان سے باہر نکالا جائے۔
