اسلام آباد،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہاہے کہ ایک دن میں چار لاکھ لوگوں کو ویکسین دی جا رہی ہے جبکہ دسمبر تک 7 کروڑ شہریوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پرائیویٹ ایجوکیشنل ریگولیٹری اتھارٹی اور پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے لیے ایمز ایجوکیشن سسٹم ایچ ایٹ کیمپس اسلام آباد میں ویکسین سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم وجیہ اکرام اور چیئرپرسن پیرا ضیا بتول بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علی نواز اعوان کا کہنا تھاکہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے،اس وقت ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں کورونا کے مثبت کیسز کی خطرناک صورتحال ہے تاہم پاکستان میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس وبا کو کنٹرول کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ این سی او سی کی ہدایت پر پیرا نے ایک مہم جاری کی ہے جس کے تحت نجی سکولوں کے اساتذہ کو کورونا سے بچاوکی ویکسین لگائی جارہی ہے۔ ان کاکہنا تھاکہ اساتذہ کو ویکیسن دینا ضروری ہے تاکہ تعلیمی ادارے کھولنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے امتحانات کے ذریعے ان کی سیکھنے کی قابلیت کو جانچا جاسکتا ہے، کورونا سے نجات ملے تو بچوں کے امتحانات میں بھی پیش رفت آسان ہوسکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں روزانہ چار لاکھ شہریوں کو کورونا سے بچاو کی ویکیسن دی جا رہی ہے اور این سی او سی کا ہدف ہے کہ دسمبر 2021 تک 7 کروڑ شہریوں کو ویکسین مکمل کر دی جائے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت تعلیم وجہیہ اکرام کا کہنا تھاکہ این سی او سی کی ہدایت پر ویکسین دی جا رہی ہے،امتحانات کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے،پیرا کی طرف سے ویکسینیشن کیمپ لگایا گیا ہے،تمام اساتذہ سے گزارش ہے کہ وہ ویکیسن لگوائیں کیونکہ اپنی زندگی کو نارمل طریقے سے چلانے کے لیے ویکسین لگوانا ضروری ہے۔
