اسلام آباد (آئی پی ایس ) مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا، سعودیہ، پاکستان اور ترکیہ کی اعلی سول و عسکری قیادت نے دفاعی و اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات کی
گئی۔مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع، عسکری سربراہان اور انٹیلی جنس چیفس نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کا اسلام آباد میں یہ پہلا اجلاس ہے، اس سے قبل کمیٹی کے دو اجلاس سعودی عرب اور ترکیہ میں ہو چکے ہیں۔
اجلاس سے قبل اسلام آباد میں ابتدائی مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوئے جبکہ تمام ضروری ہوم ورک مکمل کر لیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی، سیاسی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے، دفاعی اشتراک اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مشرق وسطی کی بدلتی ہوئی صورتحال، یمن اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز بھی زیر غور آئے۔ شام کی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حتمی نام اور اس کے اختصار کے حوالے سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ کمیٹی میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دو، دو نمائندے شامل ہیں۔اجلاس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے پہلے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود بھی شریک ہوئے۔ وہ کمیٹی کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے اجلاس کے انتظامی اور ادارہ جاتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ترکیہ کا وفد آج صبح جبکہ سعودی عرب کا وفد گزشتہ شب پاکستان پہنچا تھا۔ تینوں ممالک کے درمیان یہ مشاورت دفاعی، سیاسی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی سلامتی کے مشترکہ لائحہ عمل پر پیش رفت کے حوالے سے اہمیت رکھتی ہے۔
