مظفرآباد (آئی پی ایس )وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد اعلانات کے انبار لگانا نہیں بلکہ عملی منصوبہ بندی کے ذریعے عوام کو نتائج دینا ہے۔ آئندہ 100 روز میں متعدد منصوبوں پر پیش رفت اور تکمیل ہوگی، نوجوانوں کو روزگار، کاروبار کے لیے بلاسود قرضے، مستحق طلبہ کو اسکالرشپس اور عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی،آئندہ 100 روز میں عوام خود محسوس کریں گے کہ حکومت نے کیا اقدامات کیے۔
مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام مظفرآباد کے لال چوک میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت نے 100 روزہ پلان سے لے کر 5 سال تک کی حکمت عملی عوام کے سامنے رکھی ہے۔ ریاستی عوام کے مستقبل کو خوشحال بنانے کے فیصلے ایک دن میں نہیں ہوسکتے، اسی لیے 100 روزہ پلان کی تیاری میں وقت لگا۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں افراتفری، بے چینی اور سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ گزشتہ دور میں 4 حکومتیں تبدیل ہوئیں، جس کے باعث عوامی مسائل اور ترقیاتی عمل متاثر ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صرف سرکاری ملازمتوں سے بے روزگاری کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں، اس لیے نوجوانوں کو کاروبار اور خود روزگاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ تمام سرکاری محکموں میں تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھرتیاں ہوں گی، جس سے ہزاروں نوجوان اپنی اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر روزگار حاصل کرسکیں گے۔اپنا روزگار اسکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے جبکہ کاروبار شروع کرنے کی راہ میں حائل پیچیدگیاں بھی ختم کی جائیں گی۔
انہوں نے سیاحت کے فروغ کے لیے ڈسکور اے جے کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے سیاحتی مقامات کو دنیا کے سامنے متعارف کرایا جائے گا تاکہ مقامی کاروبار، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
تمام سرکاری گیسٹ ہاسز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فعال کیا جائے گا جبکہ ریاست کے تمام داخلی راستوں پر ٹک شاپس قائم کرکے مقامی لوگوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ 52 سیاحتی مقامات پر 3 سے 6 ماہ میں ترقیاتی سرگرمیاں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ لیپہ اور سیماری میں ایکو ٹورازم کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ ریاست کا کوئی باصلاحیت نوجوان وسائل کی کمی کے باعث اعلی تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ لمز، نسٹ، قائداعظم یونیورسٹی اور دیگر ممتاز تعلیمی اداروں میں اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔
ملک کی اعلی نجی جامعات میں میرٹ پر داخلہ لینے والے مستحق طلبہ کے تعلیمی اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔ اے جے کے لیپ ٹاپ پروگرام کے تحت طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔آزادکشمیر میں 5 دانش اسکولز اور مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی قائم کی جائے گی، جہاں ہونہار بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ رہائش کی سہولت بھی فراہم ہوگی۔ پہلے 100 روز میں نواز شریف اسکول آف ایمننس کے منصوبے پر بھی پیش رفت ہوگی۔ صحت کے شعبے سے متعلق منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہر جگہ اسپتال بنانا ممکن نہیں، اس لیے صحت کارواں کے نام سے موبائل اسپتال آزادکشمیر کے ہر کونے تک پہنچے گا۔
صحت سہولت پروگرام کے تحت بھمبر، مظفرآباد، کوٹلی اور راولاکوٹ میں جدید کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی جبکہ باغ میں جدید کارڈیک اسپتال بنایا جائے گا۔ فالج کے علاج کے لیے کوٹلی، میرپور اور مظفرآباد میں اسٹروک سینٹرز قائم ہوں گے۔
ضروری ادویات پروگرام کے تحت تمام ضلعی اسپتالوں میں ہنگامی ادویات ہر وقت دستیاب ہوں گی جبکہ بی ایچ یوز، آر ایچ سیز اور ٹی ایچ کیوز کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ کسی مریض کو بروقت علاج اور ضروری ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
