ہومتازہ ترینترقیاتی کام شروع کرنے پر سی ڈی اے کا خیر مقدم کرتے ہیں، یاسر الیاس

ترقیاتی کام شروع کرنے پر سی ڈی اے کا خیر مقدم کرتے ہیں، یاسر الیاس

اسلام آباد (آئی پی ایس )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(آئی سی سی آئی)نے اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں ترقیاتی کام شروع کرنے پر سی ڈی اے کا خیرمقدم کیا ہے اور ان کوششوں کو سراہا ہے کیونکہ اس سے وفاقی دارالحکومت ایک ترقی یافتہ شہر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گا اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ انہوں نے گذشتہ مہینوں میں چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کے ہمراہ اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا تھا جن میں سپر مارکیٹ، میلوڈی مارکیٹ، آبپارہ مارکیٹ، بلیو ایریا، ایف ٹین، ایف الیون اور جی الیون مرکز شامل تھے تا کہ ترقیاتی کاموں کی ضرورت کا جائزہ لیا جائے اور ان علاقوں کی نشاندہی کی جائے جن کو سی ڈی اے کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ ان دوروں کے نتیجے میں سی ڈی اے نے اب مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا ہے جن میں سڑکوں کی کارپٹنگ، فٹ پاتھوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی شامل ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات لینے پر چیئرمین سی ڈی اے اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں شہری باقی مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں مزید ترقیاتی کام ہوتے ہوئے دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی بہتر ترقی میں سی ڈی اے کا کردار بہت اہم ہے اور انہوں نے بزنس کمیونٹی کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے مطلوبہ اقدامات کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے کے تعاون کو سراہا۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہوٹہ انڈسٹریل ٹرا ئینگل میں دوائیاں تیار کرنے والی کمپنیوں سمیت بہت سی دیگر اہم صنعتیں کام کر رہی ہیں جبکہ آئی سی سی آئی کی کوششوں سے سی ڈی اے نے اس صنعتی علاقے کے لئے ترقیاتی بجٹ بھی مختص کیا ہوا ہے۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے کہوٹہ انڈسٹریل ٹرائینگل میں بھی جلد ترقیاتی کاموں شروع کرے جن میں سڑکوں کی کارپٹنگ، فٹ پاتھوں اور جدید طرز کے سیوریج نظام کی ترقی، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، واٹر سسٹم کی مرمت اور دیگر مطلوبہ کام شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس صنعتی علاقے میں طویل عرصے سے ترقیاتی کاموں کے فقدان کی وجہ سے صنعتکاروں کو پیداواری سرگرمیوں میں بہت مشکلات کا سامنا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ سی ڈی اے ان کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئی سی سی آئی تجاوزات کے خاتمے سمیت تاجر برادری کے دیگر اہم مسائل کو حل کرنے کی کوششوں میں سی ڈی اے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا تاکہ مشترکہ کوششوں سے اسلام آباد کو ملک کے لئے ایک ماڈل سٹی کے طور پر ترقی دی جاسکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔