اسلام آباد (سب نیوز)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )نے آئندہ مالی سال 2023-24 کے بجٹ پرعدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے پٹرولیم لیوی50 روپے بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔
حکام وزارت خزانہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کے ساتھ قرض بحالی پروگرام پر بریفنگ میں بتایا کہ آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال2023-24 کیبجٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف نے ایف بی آر ٹیکس ہدف پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وصولیوں کی کوششیں ناکافی قرار دی ہیں،اور ٹیکس نیٹ میں اضافے کے اقدامات ناکافی قرار دیے ہیںجبکہ پاکستان کو ٹیکس وصولیاں بڑھانے پر زور دیا ہے۔
حکام وزارت خزانہ نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 9200 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے،پٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف ہے،جبکہ آئی ایم ایف نے پٹرولیم لیوی 50 روپے لٹر سے بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔خیال رہے کہ آئی ایم ایف کے دبائو پر حکومت نے پٹرول پر پہلے 50 روپے لیوی عائد کر رکھی ہے۔
