ہومپاکستانچائے کی کاشت میں جدت لانے کیلئے پی اے آر سی انقلابی کوششوں میں مصروف عمل ہے، ڈاکٹر غلام محمد علی

چائے کی کاشت میں جدت لانے کیلئے پی اے آر سی انقلابی کوششوں میں مصروف عمل ہے، ڈاکٹر غلام محمد علی

اسلام آباد(سب نیوز)نیشنل ٹی ڈے فیسٹیول کی یادگاری تقریب نیشنل ٹی اینڈ ہائی ویلیو کراپس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (NTHRI) شنکیاری، مانسہرہ میں منعقد ہوئی۔

بطور مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل(PARC) ڈاکٹر غلام محمد علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملکی معیشت کو تقویت دینے میں زرعی محکموں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے قومی چائے کی کاشت کے مقصد کو آگے بڑھانے میں PARC کی قیادت پر مزید زور دیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ اس اہم قومی مقصد کو حاصل کرنے میں تعاون کریں۔ڈاکٹر بشارت حسین شاہ، ڈائریکٹر NTHRI نے ملک بھر سے معزز مہمانوں اور اسٹیک ہولڈرز کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈاکٹر امتیاز حسین، ممبر انچارج پلانٹ سائنسز ڈویڑن PARC نے شرکا، منتظمین اوراسپانسرز کااور ان کے تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جو بالآخر ایونٹ کی کامیابی پر منتج ہوا۔ ایگری ٹورزم کے سی ای او جناب طارق تنویر نے حاضرین کو دیسی چائے کی کاشت کے فوائد سے آگاہ کیا۔ یونی لیور، زائقہ ٹی، اور اسلام آباد ٹی جیسی نجی چائے کی کمپنیوں کے نمائندوں، ڈاکٹر ایف ایس حامد، این ٹی ایچ آر آئی کے سابق ڈائریکٹر، اور دیگر مقررین نے ملک میں چائے کی کاشت کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ایف اے او کے نمائندے ڈاکٹر ارشاد شاہ نے ملک میں چائے کی کاشت کو فروغ دینے کے لیے ایک منصوبے پر عمل درآمد کے لیے جاری کوششوں کا انکشاف کیا۔رسمی سرگرمیوں کے بعد مہمان خصوصی چیئرمین PARC اور حاضرین نے چائے، زیتون اور پھلوں کی مختلف مصنوعات کے ساتھ ساتھ مقامی طور پر تیار کردہ کڑھائی اور مختلف این جی اوز کے زیر اہتمام دیگر اشیاکی نمائش کرنے والے مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔ فیسٹیول کے اختتام پر ڈاکٹر غلام محمد علی نے تقریب کے انعقاد پر منتظمین کی تعریف کی اور ادارے کی بہتری کے لیے مختلف ہدایات جاری کیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔