اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم قیمتوں کا تعین کرے گی۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھ رہی ہے جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت 110 ڈالر سے بڑھ کر 140 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جبکہ عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتیں دوبارہ بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام نے مشکل وقت میں تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، وزیراعظم اور کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی۔علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کر کے انہیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنا رول محدود کیا ہے، عالمی منڈی کے تناسب سے اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی۔
