ہومپاکستانپاک، چین امیگریشن و بارڈر مینجمنٹ تعاون بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ ورکنگ گروپ قائم ہوگا

پاک، چین امیگریشن و بارڈر مینجمنٹ تعاون بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ ورکنگ گروپ قائم ہوگا

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل چی جِنگ یانگ کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے امیگریشن، بارڈر مینجمنٹ اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران غیر قانونی امیگریشن، اسلحہ اسمگلنگ اور سرحد پار جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کو مزید موثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ امیگریشن کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقعے پر بارڈر مینجمنٹ اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاک چین مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان لینڈ بارڈر، سی پورٹس اور امیگریشن مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان غیر قانونی امیگریشن، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان جرائم میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ خنجراب پاس پر سیکیورٹی کو مزید مثر بنانے کے لیے گلگت بلتستان اسکاٹس کی نئی چیک پوسٹ بھی قائم کی جا رہی ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین باہمی تعاون کے ذریعے غیر قانونی امیگریشن اور سرحدی جرائم کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مثر بنائیں گے۔چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل چی جِنگ یانگ نے غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کے موثر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں اور بیجنگ اسلام آباد کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چین پاکستانی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ملاقات کے دوران چینی وفد نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو چین کے وزیر داخلہ کی جانب سے پبلک سکیورٹی فورم میں شرکت کا دعوت نامہ بھی پہنچایا جبکہ ایف آئی اے کے وفد کو بھی فورم میں شرکت کی دعوت دی گئی۔اس موقعے پر چین کے سفیر نے بتایا کہ پاکستانی پولیس افسران اسی ماہ تربیت کے لیے چین روانہ ہوں گے جبکہ چینی اساتذہ پاکستان میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو)کے اہلکاروں کو چینی زبان کی خصوصی تربیت بھی فراہم کر رہے ہیں۔ملاقات میں چین کے سفیر، سیکریٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔