ہومپاکستانآئی سی سی آئی ٹورزم سمٹ سے گلگت ریجن میں سیاحتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،راجہ ناصر

آئی سی سی آئی ٹورزم سمٹ سے گلگت ریجن میں سیاحتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،راجہ ناصر

اسلام آباد(سب نیوز)صوبائی وزیر سیاحت گلگت بلتستان راجہ ناصر نے کہا ہے کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام آئندہ ماہ شیڈول ٹورزم سمٹ پورے ریجن کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے، ٹورزم سمٹ سے ریجن میں نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی مصنوعات کو انٹر نیشنل مارکیٹ تک رسائی کا بھی موقع ملے گا،گلگت حکومت اس سمٹ میں بطور میزبان شریک ہوگی،سیکیورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات میں اسلام آباد چیمبر کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے،سمٹ میں آنے والے مہمانوں کیلئے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد چیمبر کے دورے کے موقع پر صدر احسن ظفر بختاوری سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی آئی ٹورزم سمٹ 2023کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا،ملاقات میں وزیر سیاحت گلگت بلتستان نے راجہ زعیم کو سمٹ کیلئے گلگت حکومت کی طرف سے فوکل پرسن مقرر کرنے کا اعلان کیا،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر کے زیر اہتمام یہ سمٹ اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ ہوگا،مجھے امید ہے اسلام آباد چیمبر آنے والے سالوں میں اس روایت کو زندہ رکھے گا،انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے سفارتکاروں کو گلگت میں جمع کرنا اسلام آباد چیمبر کا بہترین آئیڈیا ہے،اس سے نہ صرف علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی صنعت کو بھی فائدہ ہوگا،گلگت بلتستان ریجن کے پاس ڈرائی فروٹس،منرلز سمیت درجنوں ایسی پروڈکٹس ہیں جنہیں عالمی مارکیٹ میں بھرپور پذیرائی مل سکتی ہے،ٹورزم سمٹ کے دوران گلگت حکومت ممکن بنائے گی کہ اسی تمام اشیا کا ڈسپلے پیش کیا جائے،انہوں نے کہا کہ گلگت حکومت انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں،اس حوالے سے ہمیں وفاقی حکومت کے تعاون کی بھی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ گلگت میں ہوٹلنگ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،اسلام آباد چیمبر اس سے فائدہ اٹھائے،چیمبر کے پلیٹ فارم سے اس شعبے میں کام کی ضرورت ہے،ہماری خواہش ہے کہ اسلام آباد چیمبر اس سلسلے میں بھی کام کرے

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ گلگت بلتستان ریجن پاکستان کیلئے سیاحت کا حب ثابت ہو سکتا ہے،اسلام آباد چیمبر کی طرف سے مجوزہ سمٹ کا مقصد ہی یہ ہے کہ ہمارے پاس سیاحت کے حوالے سے جو وسیع ذخیرہ ہے اس کو دنیا کے سامنے لایا جائے،سمٹ میں شریک ہونے والے غیر ملکی سفرا پاکستان کا سافٹ امیج دنیا تک پہنچانے کا سبب بنیں گے،انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے گلگت حکومت،انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سمٹ کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے اسلام آباد چیمبر کو مکمل تعاون ملے گا،انہوں نے کہا کہ گلگت ریجن میں سیاحت کے فروغ کیلئے براہ راست انٹر نیشنل پروازیں شروع کرنے کی ضرورت ہے،کئی نجی ایئر لائنز اپنی فلائٹس شروع کرنا چاہتی ہیں،ہمارا وفاقی حکومت،سول ایوی ایشن سے مطالبہ ہے کہ اس حوالے سے تمام اقدامات کو بروقت یقینی بنایا جائے،انہوں نے کہا کہ گلگت حکومت اسلام آباد چیمبر میں اپنی مقامی مصنوعات کیلئے ڈسپلے کا اہتمام کرے ہم مکمل تعاون کریں گے،گلگت کے ہنر مند نوجوانوں کا ڈیٹا اسلام آباد چیمبر کے ساتھ شیئر کیا جائے تاکہ ان کے روزگار کے حوالے سے چیمبر اپنا کردار ادا کر سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔