اسلام آباد(سب نیوز)مسجد ابوالقاسم (موٹروے لنک روڈ اسلام آباد ) تبلیغی اجتماع کے حوالے سے موٹروے پولیس اور اجتماع کے اقابرین کے درمیان میٹنگ کا انعقاد ہوا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق میٹنگ میں ڈی آئی جی موٹروے محمد یوسف ملک ، ایس پی ٹریفک عابد حسین ، اور تبلیغی اجتماع کے اکابرین نے شرکت کی ۔
ترجمان کے مطابق میٹنگ میں مندرجہ ذیل نکات پر اتفاق ہوا ۔ گاڑیوں کی چھتوں پر سواریاں نہیں بٹھائی جائیں گی ۔
موٹروے پر سواریوں کو پک اینڈ ڈراپ نہیں کیا جائے گا ۔ ٹرکوں میں سواریاں نہیں بٹھائیں جائیں گی۔ گاڑیوں میں اوورلوڈنگ نہیں کی جائے گی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لنک روڈ موٹروے پر گاڑیوں کی پارکنگ اور پیدل کراسنگ نہیں کی جائے گی۔دوران سفر سامان کو محفوظ طریقے سے رکھا جائے گا ۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق سفر شروع کرنے سے پہلے فیول،ٹائروں کا ایئر پریشر، ٹائر تبدیل کرنے کے آلات، اضافی پانی اور گاڑیوں کی لائٹس وغیرہ کی مکمل تسلی کی جائے گی ۔
موٹروے، بالخصوص کلر کہار میں متعین کردہ حدود رفتار کی پابندی کی جائے گی۔ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کی جائے گی ۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے پولیس کی جانب سے مسجد عبدالقاسم، موٹر وے لنک روڈ پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں ۔
