Monday, May 18, 2026
ہوماسلام آبادپاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ ہے ، سردار یاسر الیاس خان

پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ ہے ، سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے ایک پرکشش مارکیٹ ہے اور جاپان کی کمپنیاں پاکستان میں جوائنٹ وینچرز کے ذریعے کاریں، موبائل فونز، آئی ٹی اور الیکٹرانک سمیت دیگر منصنوعات تیار کرنے کے پلانٹس لگانے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جاپان کی مصنوعات کے اعلی معیار پر بہتر اعتماد کرتے ہیں لہذا پاکستان میں مصنوعات تیار کر کے جاپان کی کمپنیاں نہ صرف پاکستان کی مارکیٹ میں فوری مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں بلکہ اپنی مصنوعات کو پاکستان کے ذریعے دیگر ممالک کو بھی برآمد کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارت کا موجودہ حجم دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا دونوں ممالک اپنے نجی شعبوں کے مابین مضبوط کاروباری روابط کو فروغ دینے پر توجہ د یں جس سے دوطرفہ تجارت بہتر ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان سفارتخانے کے قونصلر ایشی کینسوک کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری کوامورا اکینبو کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران عبد الرحمن صدیقی، محمد شاکر، محمد سعید خان، اور حافظ بلال منیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ جاپان پاکستان کو اپنی جدید ٹیکنالوجی منتقل کرنے پر غورکرے، تکنیکی مہارت شیئر کرے اور کپیسٹی بلڈنگ میں تعاون کرے جس سے پاکستان کی برآمدی مسابقت بڑھے گی اور ہماری برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیاں پاکستان کے اسپیشل اکنامک زونز میں بھی کاروباری شراکتوں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان زراعت، ماہی گیری، ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں لہذا اس صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زرعی مصنوعات بشمول آم، چاول، مچھلی اور دیگر مصنوعات جاپان میں مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں لہذا جاپان پاکستان سے ان کی برآمدات بڑھانے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی جاپان کے سفیر کو مختلف مقامی صنعتوں کا دورہ کرانے کے لئے تیار ہے تاکہ وہ پاکستانی مصنوعات کی برآمدی صلاحیت سے بہتر آگاہی حاصل کر سکیں۔جاپان سفارت خانے کے کونسلر ایشی کینسوک نے پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو بہتر کرنے کے لئے مفید تجاویز پیش کرنے پر چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کا شکریہ اداکیا کہا کہ وہ یہ تجاویز اپنے سفیر کے سامنے رکھیں گے تا کہ ان سے فائدہ اٹھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان متعدد شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جاپان کا سفارتخانہ پاکستان اور جاپان کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کی کوششوں میں چیمبر کے ساتھ ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران عبد الرحمن صدیقی، محمد شاکر، محمد سعید خان، اور حافظ بلال منیر نے بھی پاکستان اور جاپان کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لئے مفید تجاویز پیش کیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔