اسلام آباد،وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)انتظامیہ نے شہربھرکے قدرتی برساتی ندی نالوں کو ماحول دوست بنانے کیلئے اپنی طرز کانیا منصوبہ متعارف کرواتے ہوئے مذکورہ نالوں کے اطراف اسٹون پچنگ کافیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی ہدایات پر ادارہ ہذا کے شعبہ ایم پی او نے شہر اقتدار کے قدرتی ندی نالوں کو ماحول دوست بنانے اور انہیں صاف ستھرا رکھنے کیلئے مذکورہ ندی نالوں کے اندر اور باہر کے سلوپ (ڈھلوانوں)پر اسٹون پچنگ شروع کردی ہے،مذکورہ پچنگ کامقصد یہ ہے کہ ایک مرتبہ مذکورہ نالوں کی صفائی کے بعد روز روز دوبارہ نالوں کو صاف نہ کرنا پڑے۔جبکہ سلوبز اور اطراف کی پچنگ سے نہ صرف نالے صاف اور ماحول دوست ہونگے بلکہ مذکورہ اسٹون پچنگ سے فلٹر ہو کر پانی بھی صاف ہوجائے گا۔واضح رہے کہ اسٹون پچنگ طوفان اور بارش کے پانی کے بہائو کو کنٹرول کرتی ہے،ندی نالوں کوکٹائو سے روکتا ہے،مذکورہ پتھر ماحول دوست ہونے کے ساتھ جنگلی حیات دوست بھی ہیں،کیونکہ یہ جنگلی حیات کو پینے کیلئے پانی تک رسائی فراہم کرتے ہیں،اور جانوروں کیلئے ندی نالوں میں پانی کیلئے اترنا اور واپس چڑھنا آسان ہوجاتا ہے۔