Friday, November 8, 2024
ہوماسلام آباداسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں پولی کلینک ایکسٹینشن ہسپتال کے قیام کیلئے سی ڈی اے نے زمین محکمہ صحت کے حوالے کردی

اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں پولی کلینک ایکسٹینشن ہسپتال کے قیام کیلئے سی ڈی اے نے زمین محکمہ صحت کے حوالے کردی

اسلام آباد،وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کئی دہائیوں بعد ایک بڑے سرکاری ہسپتال کی تعمیر شروع ہو رہی ہے، اس حوالے سے دارلحکومت کے سیکٹر جی11 میں سی ڈی اے نے 5 ایکڑ زمین کا قبضہ محکمہ صحت کو دے دیا ہے۔اوراس پر تعمیراتی کام کا آغاز جلد ہوگا۔

جمعرات کو یہاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کی عوام کے ساتھ کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ 200 بستر کا یہ ہسپتال اسلام آباد کے بڑے ہسپتالوں کا بوجھ کم کرے گا اور جی11 کے علاوہ قریبی سیکٹرز کے رہائشی افراد کے لیے صحت کی بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ یہ ہسپتال پولی کلینک ہسپتال کی ایکسٹینشن ہوگا اور تقریبا دو سال کے عرصے میں اس کی تعمیر مکمل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں قبل ازیں صرف 2 بڑے ہسپتال پمز اور پولی کلینک کام کر رہے ہیں جن پر مریضوں کا بہت زیادہ بوجھ ہوتا ہے گزشتہ ادوارِ حکومت میں دیگر شعبوں کی طرح صحت کے شعبے پر بھی بالکل توجہ نہیں دی گئی اور عوام ذلیل و خوار ہوتی رہی، موجودہ دورِ حکومت میں اسلام آباد میں ہر شعبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور صحت کا شعبہ ہماری اولین ترجیحات میں سے ہے۔ ہم شہر کے نواحی دیہی علاقوں میں بھی بنیادی صحت کے مراکز قائم کر رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔