انتالیہ : ایشیائی پارلیمانی اسمبلی (APA) کا 13 واں اجلاس ترکی کے شہر انتالیہ میں جاری ہے۔ پاکستان کا پارلیمانی وفد اس پر وقار تقریب میں شرکت کر رہا ہے جس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں کے ارکان شامل ہیں۔
اجلاس کے پہلے دن، اے پی اے نے ایک تاریخی اقدام کرتے ہوئے، پاکستان کی سینیٹ کی طرف سے منظور کردہ ایک قرارداد کے ذریعے تشکیل دی گئی ایک بین الاقوامی پارلیمانی تنظیم، انٹرنیشنل پارلیمنٹرین کانگریس (آئی پی سی) کو مبصر کا درجہ دیا۔ اے پی اے نے آئی پی سی کو جاری اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ ایک اور پیش رفت میں سینیٹر نزہت صادق، جو پاکستانی وفد کی قیادت کر رہی ہیں کو 13ویں اے پی اے پلینری کے لیے بلا مقابلہ نمائندہ مقرر کر دیا گیا۔
اس موقع پر پاکستانی وفد نے وسیع پارلیمانی سفارت کاری کے تحت قطر، متحدہ عرب امارات، ایران، بحرین اور ترکی کے وفود سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، ثقافتی اور بین الپارلیمانی روابط کے فروغ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
اے پی اے کے سیکرٹری جنرل محمد رضا مجیدی، ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر، اے پی اے کے قائم مقام چیئرمین مصطفیٰ سینٹوپ کے علاوہ رکن ممالک کی نمائندگی کرنے والے پارلیمانوں کے مقررین نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔
اپنے ابتدائی کلمات میں، مصطفیٰ سینٹوپ نے چیئرمین سینیٹ، محمد صادق سنجرانی کی طرف ایک خط کے ذریعے یوکرائن کے بحران کو حل کرنے کی کوششوں کے لیے ”نوبل امن ایوارڈ“ کے لیے ترک صدر رجب طیب اردگان کے حق میں باضابطہ طور پر نامزدگی کا اندراج کرنے کے اقدام کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔
