ہومپاکستانآزاد کشمیر میں چوری کیا گیا مینڈیٹ ہم واپس لیں گے، ن لیگ کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ، بلاول بھٹو

آزاد کشمیر میں چوری کیا گیا مینڈیٹ ہم واپس لیں گے، ن لیگ کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ، بلاول بھٹو

اسلام آباد (سب نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی اور عوامی مینڈیٹ چرایا گیا، تاہم اس کے باوجود عوام نے مسلم لیگ (ن)کی دھونس کا مقابلہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو 9 نشستوں پر کامیاب کرایا۔ ن لیگ کے لیے میرا پیغام ہے کہ اب آپ کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے غیور عوام نے تمام تر دھونس اور دھمکیوں کے باوجود پیپلز پارٹی کو مینڈیٹ دیا، ہم چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس لیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے دعوی کیاکہ آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف نہیں تھے بلکہ یہ دھاندلی زدہ اور خونی الیکشن تھے۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چرایا گیا، تاہم تمام تر حالات کے باوجود پارٹی کارکنوں اور ووٹرز نے بھرپور مزاحمت کی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آزاد کشمیر کے غیور اور بہادر عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے مسلم لیگ (ن)کی دھونس اور دھاندلی کا مقابلہ کیا۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے قربانیاں دیں اور شہادتیں قبول کیں۔ قائم مقام صدر آزاد کشمیر پر حملہ کیا گیا جبکہ ہمارے ایک ایم این اے کو گولی ماری گئی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 4 اگست کو مظفرآباد میں ہونے والی پولنگ کے دوران ووٹرز بازل نقوی اور جاوید ایوب کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ باغ میں ایک عوامی جلسے سے بھی خطاب کریں گے، انہوں نے پونچھ کے عوام سے بھی پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کبھی میدان نہیں چھوڑتی۔ حق حاکمیت اور حق ملکیت کی تحریک اب صرف آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اسے پورے ملک تک لے کر جاوں گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔