اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ قائم کیا جائے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس پیر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں سرمایہ کاری اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز)کے فروغ کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام سے متعلق ایکشن پلان جلد از جلد پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ملک میں پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے فروغ کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کرکے جلد پیش کیا جائے، تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے فنڈز کی دستیابی ممکن ہو اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ بھی ہموار کی جا سکے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز معیشت میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں کے پھیلا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)اور دیگر شعبوں میں پاکستان کی معاشی ترقی کے اہم محرک بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ پبلک ایکویٹی مارکیٹ ان شعبوں میں سرمایہ کاری کا ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بینکاری شعبے سے سرمایہ کاری کا حجم اب بھی محدود ہے، جس کے باعث متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ حکومت ایسے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے جن کے ذریعے نجی شعبے کی قیادت میں سرمایہ کاری، صنعت اور برآمدات کے فروغ کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی کیلئے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ قائم کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
