سلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ بھارت کی سلامتی کونسل میں مستقل نمائندگی پر پاکستانی حمایت کی رپورٹس بے بنیاد ہیں۔
صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بی جے پی ارکان کی طرف سے گستاخانہ بیانات پر دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی اور کئی ممالک نے بھارت سے عوامی سطح پر معافی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف اقدامات طویل عرصے سے جاری ہیں۔ امریکا کی جانب سے بھی دنیا میں مذہبی آزادی پر مبنی رپورٹ میں دہرے معیار ہیں۔ بھارت اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان ارکان کو کٹہرے میں لائے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ کی امریکی سیکرٹری خارجہ سے بھارت کی سلامتی کونسل میں مستقل نمائندگی سے معلق کوئی بات نہیں ہوئی، تاہم پاکستان سلامتی کونسل میں اصلاحات کا حامی ہے۔
روس سے تیل کی خریداری کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سستے تیل کی خریداری کے لیے ماسکو میں سفارتخانے اور یہاں روسی حکام سے رابطے میں ہیں۔ ہم ہر وہ کام کریں گے جو پاکستان کے مفاد میں ہو گا۔
