وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے موبائل فون صارفین کے تحفظ کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے صارفین کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینے کیلئے پالیسی سازی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
پی ٹی اے صارفین کے ڈیٹا کی رازداری کے قوانین کا فوری جائزہ لے گی جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ صارفین کی پرائیویسی شہریوں کا بنیادی آئینی حق ہے ،حکومت اس کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دے گی۔ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے سٹرٹیجک ریفارمز سلمان صوفی نے چیئرمین پی ٹی اے سے موبائل فون صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ اور مارکیٹرز کی طرف سے بھیجے جانے والے ناپسندیدہ ایس ایم ایس کے حوالے سے مشاورت کی جس میں شہریوں کو ناپسندیدہ ایس ایم ایس بلاک کرنے کی اجازت دینے کی فوری پالیسی سازی پر اتفاق کیا گیا۔معاون ِ خصوصی نے وزیراعظم کی پی ٹی اے کو صارفین کو بھیجے جانے والے مارکیٹرز کے ناپسندیدہ ایس ایم ایس کے ساتھ ساتھ شہریوں کے رازداری کے قوانین کے فوری جائزہ کی ہدایات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی پرائیویسی ایک آئینی حق ہے اور وزیر اعظم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ اس کی خلاف ورزی نہ ہو۔چیئرمین پی ٹی اے وزیراعظم سٹرٹیجک ریفارمز یونٹ کو اس سلسلے میں ہونے والے اقدامات پر جلد بریف کریں گے
