ہومUncategorizedبلاول بھٹو کی ہدایت پر سندھ حکومت نے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے رابطہ کمیٹی بنادی

بلاول بھٹو کی ہدایت پر سندھ حکومت نے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے رابطہ کمیٹی بنادی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ہدایت پر سندھ حکومت نے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے رابطہ کمیٹی بنادی۔

کراچی میں بلاول ہاؤس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے تاجر برادری کے رہنماؤں نے ملاقات کی۔

اس موقع پر زبیر موتی والا، محمد علی ٹبہ، فواد انور، جاوید بلوانی، ادریس میمن، زبیر چھایا، مسعود نقی، ذکی بشیر، زید بشیر و دیگر تاجر رہنما موجود تھے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء اور مشیران میں سے سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، وقار مہدی، اختیار بیگ، علی راشد و دیگر بھی موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل کے ازالے کے لیے بزنس لائژن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت کے تحت بزنس لائژن کمیٹی اور اس کی ذیلی کمیٹیاں لائحہ عمل اور اصول و ضوابط مرتب کرنے کے ساتھ تاجر برادری کے مسائل کو حل کریں گی۔

اس موقع پر تاجر برادری نے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری سے سندھ حکومت کی جانب سے کوآپریٹو مارکیٹ اور وکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرنے پر اظہارِ تشکر کیا اور انہیں یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ملکی برآمدات میں کراچی کا حصہ 50 فیصد ہے، اگر سندھ حکومت تعاون کرے تو اسے دگنا کرسکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔