لاہور: پنجاب میں سیاسی بحران برقرار ہے اور صوبائی اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک موخر کردیا گیا ہے۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل 6 اپریل بدھ کو ہونا تھا لیکن اب 16 اپریل کو ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس موخر کرنے کی منظوری دیتے ہوئے 16 اپریل کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔گزشتہ اجلاس میں ہونے والی توڑپھوڑ کو اس فیصلے کی وجہ بتایا گیا ہے۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق ایوان اور لابی میں ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کے لیے اجلاس تاخیر کا شکار ہوا۔ نقصان پہنچنے والی اشیا کی مرمت کے لیے وقت درکار ہے جس کے لیے اجلاس کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب وزیراعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیخ رشید، پرویز خٹک، شفقت محمود، فواد چوہدری، حماد اظہر آج ہی اسلام آباد سے لاہور پہنچے ہیں۔ آج سپریم کورٹ میں چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے پوچھا تھا کہ اتنا بتا دیں کل پنجاب میں وزیراعلی کا الیکشن ہوگا یا نہیں؟۔ اس پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے جواب دیا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی آئین کی مکمل پاسداری کرینگے، کل پنجاب اسمبلی کا اجلاس صبح 11:30 بجے ہوگا۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ وزیراعلی کا الیکشن آئین کے مطابق ہونا ضروری ہے، کل سماعت کے دوران پنجاب اسمبلی کے حوالے سے اپ ڈیٹ لیں گے۔
نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب؛ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک موخر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
